بنیادی صفحہ » الیکشن »

عوامی نیشنل پارٹی ( اے این پی )

Try WordPress Hosting Free for 30 Days | Cloudaccess.net

عوامی نیشنل پارٹی ( اے این پی )

عوامی نیشنل پارٹی پاکستان کی ایک سیاسی جماعت ہے۔ اس جماعت کا زیادہ اثر و رسوخ صوبہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے پشتون علاقوں میں ہے۔ اس کے علاوہ یہ جماعت صوبہ سندھ اور پنجاب میں بھی چھوٹے پیمانے پر اپنا اثر رکھتی ہے۔ یہ جماعت ماضی میں قائم کی گئی نیشنل عوامی پارٹی کی تبدیل شدہ شکل ہے، جو برصغیر کی مشہور خدائی خدمتگار تحریک جو برطانوی دور حکومت میں چلائی گئی تھی سے اخذ شدہ ہے۔
1986میں قومی جمہوری پارٹی دوسری سیاسی جماعتوں اور دھڑوں میں ضم ہوئے تو ایک نئی جماعت تشکیل دی گئی جس کا نام عوامی نیشنل پارٹی رکھا گیا۔ عبدالولی خان اس جماعت کے صدر جبکہ سندھ سے تعلق رکھنے والے قوم پرست رہنما رسول بخش پلیجو جنرل سیکرٹری منتخب کیے گئے۔
اس جماعت نے 1986ءسے 1988ءتک چلائی گئی تحریک برائے بحالی جمہوریت میں کلیدی کردار ادا کیا۔1988ءکے انتخابات کے بعد عوامی نیشنل پارٹی نے پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ صوبائی اور وفاقی سطح پر اتحاد قائم کیا۔ یہ اتحاد 1989ء میں اس وقت ختم ہو گیا جب صوبائی معاملات و مالیاتی تقسیم پر سیاسی اختلافات نے جنم لیا۔
1990ء کے انتخابات کے بعد جب نواز شریف کی جماعت نے برتری حاصل کی تو عوامی نیشنل پارٹی نے مسلم لیگ کے ساتھ اتحاد قائم کیا۔ یہ اتحاد تادیر قائم رہا اور 1998ء تک قائم رہا۔ 1998ء میں یہ اتحاد کالا باغ ڈیم اور خیبر پختونخوا کے نام کی تبدیلی کے موضوعات پر اختلافات کی وجہ سے جاری نہ رہ سکا۔
اس جماعت نے تب متحدہ جمہوری اتحاد میں شمولیت اختیار کر لی اور نواز شریف کی حکمرانی میں کیے جانے والی آمرانہ اقدامات کے خلاف صدائے احتجاج بلند کیا۔ پرویز مشرف نے جب فوج کی مدد سے نواز شریف کی حکومت کا خاتمہ کر دیا اور یہ جماعت تب بھی اتحاد برائے بحالی جمہوریت کی فعال رکن رہی، لیکن 11 ستمبر کے امریکا پر ہوئے حملوں کے بعد اتحاد سے الگ ہو گئی۔
2002ءکے انتخابات میں اس جماعت نے پاکستان پیپلز پارٹی سے دوبارہ اتحاد قائم کیا لیکن صوبہ خیبر پختونخوا میں تب متحدہ مجلس عمل کے نام سے قائم مذہبی جماعتوں کے اتحاد کے ہاتھوں اس اتحاد کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
2008ءکے عام انتخابات میں اس جماعت نے پہلی بار کسی بھی دوسری اتحاد میں شمولیت اختیار نہ کی اور خیبر پختونخوا میں بھاری اکثریت سے کامیاب قرار پائی، اس کے علاوہ گذشتہ 15 سالوں میں پہلی بلوچستان اور جماعتی تاریخ میں صوبہ سندھ کے شہر کراچی میں پہلی بار یہ جماعت نشتیں جیتنے میں کامیاب رہی۔ عوامی نیشنل پارٹی نے انتخابات جیتنے کے بعد وفاق میں بھاری اکثریت حاصل کرنے والی پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ ایک بار پھر اتحاد قائم کیا اور صوبے اور وفاق میں حکومت قائم کی۔

اپنی رائے دیں

%d bloggers like this: