بنیادی صفحہ » شوبز »

نصرت فتح کی بیٹی کا والد کے گیت بغیر اجازت گانے والوں کے خلاف کارروائی کا اعلان

Try WordPress Hosting Free for 30 Days | Cloudaccess.net

نصرت فتح کی بیٹی کا والد کے گیت بغیر اجازت گانے والوں کے خلاف کارروائی کا اعلان

پاکستان کے معروف قوال، موسیقار و گلوکار استاد نصرت فتح علی خان کی بیٹی نے اپنے والد کے گیت بغیر اجازت گانے والے افراد کے خلاف کارروائی کا اعلان کردیا۔

ندا نصرت کا کہنا تھا کہ وہ نصرت فتح علی خان کی اکلوتی وارث ہیں اور وہ اپنے والد کے گانوں، گیتوں اور قوالیوں کی کاپی رائٹس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کریں گی۔

ڈان اخبار میں شائع خبر کے مطابق لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ندا نصرت کا کہنا تھا کہ کئی لوگ ان کے والد کے گیتوں کو گاکر پیسے کما رہے ہیں، تاہم اب وہ کاپی رائٹس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کریں گی۔

ندا نصرت کے مطابق کئی لوگوں نے فیس بک سمیت دیگر سوشل ویب سائٹس پر ان کے والد کے نام سے جعلی اکاؤنٹ بنا رکھے ہیں، جب کہ وکی پیڈیا پر بھی ان کے حوالے سے غلط معلومات دی گئی ہے، جس پر انہوں نے متعدد بار وکی پیڈیا کو ای میلز بھیجیں، تاہم انہوں نے ان کی ای میلز کا کوئی جواب نہیں دیا۔

عالمی شہرت یافتہ موسیقار و گلوکار کی بیٹی کا کہنا تھا کہ جب ان کے والد کا انتقال ہوا تو وہ بہت کم عمر تھیں اور تب وہ والدہ کے ساتھ کینیڈا شفٹ ہوگئیں، جس کا فائدہ اٹھا کر کئی لوگوں نے ان کے والد کے گیت گا کر پیسے بٹورے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’کھوکھر پروڈکشن‘ نامی کمپنی ان کے والد کے گیتوں کی کاپی رائیٹس کی خلاف ورزی میں ملوث ہے، ساتھ ملک کے دیگر کئی افراد اور بھارتی لوگ بھی اس عمل میں ملوث ہیں۔

ساتھ ہی انہوں نے اس بات کی بھی وضاحت کی کہ انہوں نے راحت فتح علی خان سے شادی نہیں کی۔

ندا نصرت کا دعویٰ تھا کہ اس بات میں کوئی صداقت نہیں کہ انہوں نے گلوکار راحت فتح علی خان سے شادی کی، بلکہ اتفاق سے ان کی اہلیہ کا نام بھی ندا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ان کے اور راحت فتح علی خان کے درمیان کوئی اختلافات نہیں ہے، وہ ان کے بھائی کی طرح ہیں۔

تاہم ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ راحت فتح علی خان نے ان کے والد کی میراث سنھبالی، مگر ان کے ساتھ ان کے کوئی اختلافات نہیں ہیں۔

خیال رہے کہ استاد نصرت فتح علی خان اگست 1997 میں لندن میں انتقال کر گئے تھے۔

نہ صرف راحت فتح علی خان بلکہ پاکستان سمیت بھارت کے کئی گلوکاروں اور قوالوں نے نصرت فتح علی خان کے گیت اور گانے گاکر مقبولیت حاصل کی۔

پاکستانی فلموں سمیت بولی وڈ کی متعدد فلموں میں بھی ان کے گیت اب تک شامل کیے جاتے ہیں۔

اپنی رائے دیں

%d bloggers like this: